بنگلور 8 جنوری (ایس او نیوز) گذشتہ روز دہلی کے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں طلبا اساتذہ اور بعض سماجی ذمہ داران پر چند شرپسند نقاب پوش غنڈوں نے جس طرح کا وحشیانہ حملہ کیا اور لڑکوں اور لڑکیوں کی مارپیٹ سمیت جس طرح کی ایذا رسانی کی، اسوسی ایشن فور پروٹیکشن آف سیول رائٹس APCR اس کی سخت مذمت کرتی ہے۔APCR کی جانب سے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے ریاستی سکریٹری ایڈوکیٹ محمد نیاز نے بتایا کہ اس واقعہ کے دوران بدترین بات یہ دیکھنے میں آئی کہ وحشت و بربریت کے اس ننگے ناچ کے موقع پر دلی پولس اور جے این یو انتظامیہ خاموش تماشائی بنے ہوئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ میڈیا کی خبروں کے مطابق پولس نے مانا ہے کہ واردات کے دوران پولس انسپکٹر اور دیگر اہلکار ایڈمنسٹریٹو بلاک میں موجود تھے، مگر حیرت کی بات یہ ہے کہ ابھی تک پولس نے کسی بھی حملہ آور کو گرفتار نہیں کیا ہے۔
اے پی سی آر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اس کی جوڈیشیل انکوائری کا حکم دیا جائے اور حملہ کرنے والے غنڈوں کو فوری گرفتار کرتے ہوئے اُن کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔ ساتھ ساتھ اے پی سی آر نے مرکزی حکومت سے اس بات کا بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ جے این یو سمیت دیگر یونیورسٹیوں میں بھی مناسب سیکوریٹی فراہم کرے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کو یقینی بنائے۔